پولیو کے خاتمے کیلیے ادارے موثر حکمت عملی سے کام کریں،ڈپٹی کمشنر
مٹیاری(نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد دانش ذاکر نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ آئندہ پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے دوران ضلع کا کوئی بھی بچہ حفاظتی ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران مائیکرو پلاننگ، ٹیموں کی مؤثر تربیت، سخت نگرانی، والدین میں آگاہی اور مشکل رسائی والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مقررہ اہداف کامیابی سے حاصل کیے جا سکیں۔انہوں نے یہ ہدایات لطیف ہال، ڈپٹی کمشنر سیکرٹریٹ مٹیاری میں منعقدہ ڈسٹرکٹ پولیو اریڈیکیشن کمیٹی (DPEC) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جس میں 20 اگست سے 31 اگست 2026 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر علی رضا نے مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع مٹیاری کی 24 یونین کونسلوں میں 0 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے 76 ہزار 672 بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 153 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ کارکردگی، مہم کی تیاریوں، دستیاب وسائل اور آئندہ مہم کے اہداف سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زاہد نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے مہم کی تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔