بھارت: زیرِ تعمیر بجلی منصوبے کی سرنگ بیٹھنے سے 9 مزدور ہلاک

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست سکم میں زیرِ تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کی سرنگ گرنے سے کم از کم 9 مزدور ہلاک ہوگئے جبکہ 15 مزدور سرنگ میں پھنس کر رہ گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ اس جگہ پیش آیا جہاں دریائے تیستا پر قائم سرکاری پن بجلی منصوبے کے لیے سرنگ تعمیر کی جا رہی تھی۔ سکم اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر راجیو روکا نے بتایا کہ تقریباً 25 سے 27 افراد سرنگ میں پھنس گئے تھے، جن میں سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق ممکنہ طور پر سرنگ ایک دھماکے کی وجہ سے گری تاہم اس کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ حکام کے مطابق زیرِ زمین چٹانوں سے خارج ہونے والی زہریلی میتھین گیس امدادی کاموں میں رکاوٹ بن رہی ہے، جس کے باعث صرف آکسیجن آلات سے لیس ٹیموں کو اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ 2023ء میں بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ایک سرنگ گرنے کے بعد 41 مزدوروں کو 17 دن بعد بحفاظت نکالا گیا تھا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *