9ٹائون میں جاری ترقیاتی کام ثبوت ہیں کہ ہماری سیاست کا محور خدمت خلق ہے‘ منعم ظفر خان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کے ہمراہ ٹی ایم سی گلبرگ کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 14، یوسی 4 واٹر پمپ میں ماڈل آٹو پارٹس مارکیٹ پیور بلاک و اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کردیا۔علاقہ مکینوں اور تاجروں نے اظہار تشکر کیا ۔منعم ظفر کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا ، تاجروں نے گلدستہ پیش کیا ، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ ماڈل آٹو پارٹس مارکیٹ کراچی کی بڑی اور اہم مارکیٹوں میں شمار ہوتی ہے، یوم آزادی کے موقع پر اس مارکیٹ کے لیے جدید سڑک کی تعمیر اہلِ علاقہ اور تاجروں کے لیے ایک تحفہ ہے، یہاں 80 ایم ایم کے معیاری پیور بلاکس بچھائے اور جبکہ جدید اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں۔ جو کام گزشتہ 20 برسوں میں نہ ہوسکا، وہ جماعت اسلامی کی منتخب بلدیاتی قیادت نے مختصر مدت میں کرکے دکھایا ہے۔ جماعت اسلامی کی منتخب قیادت اندھیروں میں روشنی کا چراغ ثابت ہو رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے زیر انتظام 9 ٹاؤنز میں جاری ترقیاتی منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ہماری سیاست کا محور صرف خدمتِ خلق ہے اور عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جا رہا ہے۔ کراچی پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، مگر بدقسمتی سے اس کا انفراسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے۔میگا میٹرو پولیٹن شہر کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔ شہر کے تقریباً 50 فیصد حصے میں پانی کی شدید قلت ہے جبکہ باعزت اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ بھی میسر نہیں۔ ساڑھے تین کروڑ آبادی والے شہر کے لیے پبلک اور پرائیویٹ بسوں کو ملا کر کل 1100 بسیں ہیں۔آج تقریباً 40 لاکھ موٹر سائیکلیں کراچی کی سڑکوں پر چل رہی ہیں کیونکہ شہری بہتر سفری سہولتوں سے محروم ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں پارک بحال کیے جا رہے ہیں، نئی سڑکیں تعمیر، پارک اور کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد کیے جا رہے ہیں۔ گلبرگ ٹاؤن کراچی کے ماتھے کا جھومر ہے اور واٹر پمپ کے تاجروں اور مکینوں نے جماعت اسلامی پر جس اعتماد کا اظہار کیا، منتخب قیادت اس اعتماد پر پورا اتری ہے اور اس نے اسے عملی خدمت سے ثابت کیا۔ ٹاؤن بھر میں گلیاں روشن کی گئیں، سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے۔ اگرچہ سیوریج ٹاؤن کے دائرہ اختیار میں نہیں، اس کے باوجود کروڑوں روپے خرچ کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ اگر یہ وسائل سیوریج پر خرچ نہ کرنا پڑتے تو مزید سڑکیں تعمیر کی جاسکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اسی طرح اعتماد برقرار رکھیں تو گلبرگ ٹاؤن کو مزید خوبصورت، روشن اور ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے اپنے خطاب میںیوسی چیئرمین سید عظیم اللہ حسینی اور ان کی پوری ٹیم کو ماڈل آٹو پارٹس مارکیٹ کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ واٹر پمپ کی یہ مارکیٹ صرف ضلع وسطی ہی نہیں بلکہ کراچی کی بڑی تجارتی مارکیٹوں میں شمار ہوتی ہے، اس لیے اس کی ترقی اولین ترجیح تھی۔نصرت اللہ نے کہا کہ مارکیٹ میں معیاری 80 ایم ایم پیور بلاکس نصب کیے گئے، سیوریج، پانی اور سوئی گیس کی لیکیجز ختم کی گئیں، سیوریج لائنوں کی مرمت کی گئی اور پورے علاقے کو روشن کرنے کے لیے جدید اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں اور یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ عوام کی اپنی امانت تھی جو بہتر انداز میں انہی کو واپس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں تمام ترقیاتی منصوبے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے ہدایت دی تھی کہ اختیارات کی کمی کا رونا رونے کے بجائے عوامی خدمت کو ترجیح دی جائے، اور آج جماعت اسلامی کی قیادت اسی وژن پر عمل کرتے ہوئے عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے۔افتتاحی تقریب میں وائس ٹاؤن چیئرمین محمد الیاس، سیکرٹری ضلع وسطی سید احمد، چیئرمین یوسی 4 نصیر آباد سید عظیم اللہ حسینی، وائس چیئرمین اویس بیگ، ماڈل اسپیئر پارٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال صدیقی، جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی، ناظم علاقہ توصیف اقبال، تاجروں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔