گڈز ٹرانسپورٹرز کا 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال کا اعلان

کراچی (کامرس رپورٹر) گڈز ٹرانسپورٹرز نے 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کردیا۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز متفقہ طور پر مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھیں گی۔ انہوں نے وزیر پیٹرولیم پرویز علی ملک سے استعفا کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پیش کر دیا گیا ہے اور مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال جاری رہے گی‘ ٹرانسپورٹرز کے اہم مطالبات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین ختم کرکے ماہانہ بنیاد پر مقرر کرنا اور حالیہ اضافے واپس لینا شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹول ٹیکس میں اضافہ فوری واپس لے کر 30 جون 2024ء کی سطح پر لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر پر 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر کے اسے آئل ٹینکرز کی طرح 2 فیصد کیا جائے، جبکہ ایکسل لوڈ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور اوورلوڈنگ کی مکمل روک تھام کی جائے۔انہوں نے کسٹمز کے ایس آر او 1619/ 2024 ء کے خاتمے، ڈرائیورز کے لیے ٹیسٹ کے بعد ایچ ٹی وی لائسنس کے اجرا، اور کراچی پورٹ و پورٹ قاسم کے قریب ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ دوسری جانب منی مزدا ایسوسی ایشن نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔ صدر منی مزدا ایسوسی ایشن پاکستان تنویر احمد جٹ نے کہا کہ 8 اگست سے ہونے والی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *