سری لنکا : جیل میں ہنگامہ آرائی کے بعد فوج تعینات
کولمبو (انٹرنیشنل ڈیسک) سری لنکا میں جیل میں ہونے والے فسادات پر قابو پانے کے لیے سیکڑوں فوجی اور ایلیٹ کمانڈوز تعینات کر دیے گئے۔ ان فسادات میں ایک قیدی ہلاک اور 6دیگر زخمی ہوئے۔ خبررساں اداروں کے مطا بق دارالحکومت کولمبو کے بالکل باہر مہارا جیل کے اندر قیدیوں کے متعدد عمارات تباہ کر دینے کے بعد صورتِ حال بے قابو ہوگئی۔ اسی علاقے میں جیل کے ایک اور فساد میں 10 محافظ اور 21 قیدی ہلاک ہو گئے تھے جس کے تقریباً ایک ماہ بعد تازہ بدامنی واقع ہوئی ہے۔ پولیس کے ترجمان میداوتے نے کہا کہ مہارا جیل میں قیدیوں نے باورچی خانے، اسپتال، بحالی کی ایک نئی عمارت اور پیشہ ورانہ تربیت کی سہولیات مکمل تباہ کر دیں۔ جیل میں 4ہزار 100 قیدی رکھے گئے ہیں جو اس کی گنجائش سے تقریباً 4گنا زیادہ ہے اور یہ مسئلہ ملک کی جیلوں میں عام ہے۔ یادرہے کہ گذشتہ ماہ حکام نے غیر استعمال شدہ سرکاری عمارات کو جیلوں میں تبدیل کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔ سری لنکا میں تین چوتھائی سے زیادہ ریمانڈ کے قیدی ہیں جو مقدمے کی سماعت کے منتظر ہوتے ہیں ۔