عوام عمران خان کی رہائی کیلیے احتجاج کرنے کو تیار ہیں، صرف تاریخ کا انتظار ہے ‘ علیمہ خان

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عوام عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کرنے کو تیار ہیں، صرف تاریخ کا انتظار ہے، 5 اگست کو عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی کال میری نہیں تھی پارٹی کی جانب سے دی گئی، مجھے تو کارکنوں کی جانب سے کے پی کے، کے مختلف اضلاع کے دورے کا کہا گیا ہے۔گورکھپور فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم جب کے پی پہنچے تو لوگ انتظار میں سڑکوں پر کھڑے تھے، ہزارہ، ہری پور، مردان، صوابی، سوات، بونیر سب جگہ گئے جہاں لوگ تیار ہیں، لوگ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے انتظار میں کھڑے ہیں کہ کب کال دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کارکنوں کو خود چلانی ہے اور خود آرگنائز کرنی ہے، غلط فہمیاں جان بوجھ کر پیدا کی جا رہی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی نہیں، سب نے دیکھا کے پی میں کتنے لوگ باہر نکلے ہیں، یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ نیشنل میڈیا کو بھی دکھانا چاہیے، نیشنل میڈیا کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ان سب کو ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، میڈیا کے لوگ اٹھائے جاتے ہیں اور آپ چپ رہتے ہیں، نیشنل میڈیا کچھ نہیں دکھا رہا لیکن سوشل میڈیا پر سب نظر آرہا ہے‘ بانی پی ٹی آئی عوام کی آواز ہیں اس ملک کے 90 فیصد عوام کی آواز ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *