پاکستان اور امریکا کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے‘ اسحق ڈار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیشرفت خوش آئند ہے اور دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ امریکی کانگریسی وفد اور کاروباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ2 ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ دونوں ممالک تعلقات کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہیں‘ پاکستان اور امریکا علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری کی‘ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط رواں سال جون میں ممکن ہوئے۔اسحق ڈار نے کہا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی سنگل کنٹری برآمدی منڈی ہے اور گزشتہ مالی سال دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 9.4 ارب ڈالر رہا، جسے آئندہ 5 برس میں 20 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی کپاس اور سویابین کے بڑے درآمد کنندگان میں شامل ہے جبکہ امریکی ہائیڈروکاربنز کے لیے بھی ایک اہم منڈی کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں 80 سے زاید امریکی کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور متعدد امریکی کمپنیاں ٹیکنالوجی، معدنیات، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہی ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *