ضلع بدین پی پی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سجاد چانڈیو کا تعلقہ اسپتال کا دورہ

گولارچی (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سجاد چانڈیو نے تعلقہ اسپتال گولارچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر محمد صدیق میمن سے ملاقات کی اور اسپتال میں صحت کی سہولیات، ادویات، عملے کی کمی اور دیگر درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔اس موقع پر صحافیوں کی جانب سے تعلقہ اسپتال گولارچی میں ایمبولینس کی عدم دستیابی کا مسئلہ اجاگر کیا گیا، جس پر ڈاکٹر سجاد چانڈیو نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ چند روز کے اندر رکن قومی اسمبلی حاجی رسول بخش چانڈیو کی جانب سے گیس اینڈ آئل کمپنی کے تعاون سے تعلقہ اسپتال گولارچی کو نئی ایمبولینس فراہم کی جائے گی، جس سے مریضوں کو فوری طبی امداد اور بروقت منتقلی کی سہولت میسر آسکے گی۔ڈاکٹر سجاد چانڈیو نے اسپتال میں ادویات اور دیگر بنیادی طبی سہولیات کی مبینہ کمی کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر محمد صدیق میمن کو ہدایت کی کہ مریضوں کو درپیش مسائل اور موصول ہونے والی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد حل کیا جائے اور اسپتال میں دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر ایم ایس تعلقہ اسپتال گولارچی ڈاکٹر محمد صدیق میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے اسپتال میں ڈاکٹرز، لیڈی ڈاکٹرز اور دیگر طبی و معاون عملے کی کمی، اسپتال کی عمارت سمیت مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *