گولارچی،کریانہ اسٹور پر مسلح افراد کا دھاوا ،80 ہزار روپے لوٹ کرفرار
گولارچی (نمائندہ جسارت) گولارچی کے نواحی علاقے کورواہ چوک پر قائم راشد پٹھان کے کریانہ اسٹور پر مسلح افراد نے مبینہ طور پر دھاوا بول کر دکاندار کو یرغمال بنا لیا اور دکان سے 80 ہزار روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مسلح ملزمان واردات کے دوران دکاندار کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنائے رکھا، جس کے بعد ملزمان نقد رقم لے کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ تاجروں اور شہریوں میں بھی شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈکیتی کی واردات کا فوری نوٹس لے کر ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے، لوٹی گئی رقم برآمد کی جائے اور علاقے میں پولیس گشت مؤثر بنا کر شہریوں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔