جیکب آباد میں نان کسٹم گاڑیوں کا راج برقرارہے

جیکب آباد (نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں نان کسٹم گاڑیوں کا راج! فرضی نمبر پلیٹس، نیلی بتی اور کالے شیشے لگا کر قانون کی دھجیاں اڑا دی گئیں،کسٹم حکام کی مجرمانہ خاموشی سے غیر قانونی دھندا عروج پر؛ ٹیکس کی مد میں قومی خزانے پر کروڑوں کا روزانہ ڈاکہ، تلاشی کی کسی میں جرات نہیں۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی محفوظ ترین چراہ گاہ بن گیا! کسٹم حکام اور انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی و لاپرواہی کے باعث شہر بھر میں غیر قانونی اور اسمگل شدہ گاڑیوں کا راج قائم ہو چکا ہے۔ قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ان گاڑیوں پر فرضی نمبر پلیٹس، کالے شیشے، نیلی بتی اور پولیس لائٹس لگا کر سرعام اور بلا خوف و خطر چلایا جا رہا ہے، جس سے ملک کے قومی خزانے کو روزانہ کروڑوں روپے کے ٹیکس کا چونا لگایا جا رہا ہے۔ذرائع نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کوقانون نافذ کرنے والے ااہلکاروںمیں کسی بھی چیک پوسٹ یا چوراہے پر روکنے یا تلاشی لینے کی ہمت نہیں ہوتی ۔ شہریوں اور سنجیدہ حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان نان کسٹم گاڑیوں کی تلاشی نہ ہونا شہر کے امن و امان کے لیے خطرہ ثابت ہو رہا ہے۔دوسری جانب کالے شیشوں اور پولیس لائٹس والی ان گاڑیوں کی آڑ میں ممنوعہ سامان، منشیات کی نقل و حمل اور جرائم پیشہ عناصر کی محفوظ نقل و حرکت کا خدشہ کئی گنا بڑھ چکا ہے، لیکن ذمہ دار محکمے محض تماشائی بنے ہوئے ہیں۔جیکب آباد کے عوام اور قانون پسند شہریوں نے صوبائی و وفاقی حکومت، وزیرِ خزانہ، چیف کلیکٹر کسٹم سندھ اور نیب سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جیکب آباد میں سرعام گھومنے والی تمام جعلی سبز نمبر پلیٹ، نیلی بتی اور کالے شیشوں والی نان کسٹم گاڑیوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر گرینڈ کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *