ہندوتوا یوٹیوبر بھارتی کاکروچ پارٹی کے رہنما کے گھر گھس گئے
نئی دہلی ( صباح نیوز) بھارتی کاکروچ پارٹی کے رہنما سوراو داس نے الزام عائد کیا ہے کہ چند یوٹیوبرز اور میڈیا چینلز ان کی رہائش گاہ میں زبردستی داخل ہوئے اور گھر کے اندر کی ویڈیوز بنا کر نشر کیں، جو ان کے بقول نہ صرف ان کی نجی زندگی میں مداخلت بلکہ ان کے خاندان کی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ سوراو داس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بعض یوٹیوبرز اور میڈیا چینلز نے ان کی اجازت کے بغیر گھر کے اندر داخل ہو کر مناظر ریکارڈ کیے اور نشر کیے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ان کی پرائیویسی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اگر اس کے نتیجے میں کسی سماج دشمن عنصر نے ان یا ان کے اہلِ خانہ کو نقصان پہنچایا تو اس کی براہِ راست ذمہ داری ان یوٹیوبرز اور ان کے معاونین پر عائد ہوگی۔ کاکروچ پارٹی کے رہنما نے اپنی پوسٹ میں دہلی پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے خاندان کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر نجی زندگی کے تحفظ، صحافتی اخلاقیات اور ڈیجیٹل میڈیا کے کردار پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔