ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کیلیے ڈی سی آفس میں اہم اجلاس
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ون) گدا حسین سومرو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ٹو) مہوش برڑو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) کا جائزہ اجلاس نیوڈی سی کامپلیکس حیدرآباد میں منعقد ہوا، جس میں مون سون 2026 کے دوران ممکنہ بارشوں اور ہنگامی صورتحال سے مو ثر انداز میں نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کی تیاریوں، بین الادارہ رابطہ کاری، نکاسی آب، حفاظتی اقدامات اور کانٹی جنسی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واسا، حیسکو، محکمہ صحت، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ایریگیشن، سیڈا، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، ٹاون میونسپل کارپوریشنز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ون) گدا حسین سومرو نے کہا کہ 26 اور 27 جولائی کو متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے اپنی تیاریاں ہر لحاظ سے مکمل رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔اجلاس میں متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وادھو واہ سمیت اہم برساتی نالوں کی صفائی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ چوڑی بازار اور دیگر مقامات پر نالوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ واسا حکام نے بتایا کہ قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں مشینری کے ذریعے ڈرینج لائنوں کی صفائی کی جا رہی ہے جبکہ فسادی واہ پمپنگ اسٹیشن مکمل طور پر فعال ہے۔اجلاس میں حفاظتی بندوں کی مضبوطی، ریلوے کالونی میں بارش کے پانی کی نکاسی، میڈیکل ایمرجنسی کی تیاریوں، حیسکو کی جانب سے پمپنگ اسٹیشنز کو ترجیحی بنیادوں پربجلی کی فراہمی، خستہ حال عمارتوں، کیٹل کالونی اور نیو کیٹل کالونی کے کانٹی جنسی پلان، رجسٹرڈ این جی اوز کے رضاکاروں کی فہرست، اور شہر میں بلند بل بورڈز کی فوری کلیٔرنس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔گدا حسین سومرو نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں قبل ازوقت مکمل کریں، مون سون ایمرجنسی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، رجسٹرڈ این جی اوز کے رضاکاروں کی فہرست فوری فراہم کی جائے جبکہ بل بورڈز کی کلیٔرنس سمیت تمام حفاظتی اقدامات جلد مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متوقع بارشوں سے قبل ایک اور جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے۔