حیسکو کی جانب سے مسلسل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کا نظام درہم برہم
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیسکو کی جانب سے جاری مسلسل اعلانیہ و غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ اور وولٹیج میں شدید اتار چڑھا میں شہر حیدرآباد میں فراہمی و نکاسی آب کے پو رے نظام کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے ۔میڈیا سیل حیدرآبادواٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بجلی کی غیر متوقع اور طویل بندش کے باعث واٹر فلٹر یشن پلانٹس اور شہر بھر کے اہم ڈرینج پمپنگ اسٹیشنز کا کام شدید متاثر ہوا ہے ،بجلی نہ ہونے سے نا صرف شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں سخت تعطل کا سامنا ہے بلکہ شہر کے متعدد علاقوں میں فاضل پانی کی بر وقت نکاسی نہ ہونے سے سیوریج کے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں ۔اعلامیہ میں اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بجلی کی بلااجاز ت بندش اور ٹرپنگ کی و جہ سے حیدرآباد واٹر کارپوریشن کی انتہائی قیمتی اور بھاری پمپنگ مشینری کو شدید نقصان پہنچنے اور ان کے جلنے کا قوی خدشہ لا حق ہو چکا ہے ۔ حیدرآباد واٹر کارپوریشن حکام نے حیسکو کی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہو ئے کہا ہے کہ پینے کے پانی کی فراہمی اور سیوریج جیسے حساس و بنیادی عوامی شعبوں کو تر جیح بنیادوں پر لوڈشیڈنگ سے یکسرمستثنی قرار دیا جائے۔