سیکورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی ‘ فتنہ الہند کے 6 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سیکورٹی فورسز کے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہیں اور دہشتگردوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں بروقت کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ دوران کارروائی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں میں سہولت کار سمیت مرد، خواتین خودکش بمبار شامل ہیں، کارروائی میں دہشتگردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فوسز کی ستائش کی اور فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے عبرتناک انجام تک پہنچا کر امن دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے،فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے کیلیے قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیرداخلہ نے مستونگ کے قریب سیشن جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ پر فائرنگ کی مذمت کی ، سیشن جج عبدالحکیم اورمحافظ کے جاں بحق ہونے پراظہار افسوس کیا۔ وزیر داخلہ نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ محسن نقوی نے زخمی جوڈیشل مجسٹریٹ طارق لاشاری اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی اور کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *