بھارت نے مسلسل 11ویںبارسلال ڈیم سے پانی چھوڑ دیا‘ فلڈ الرٹ جاری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی جانب سے مسلسل 11ویں مرتبہ سلال ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کے بعد پاکستان میں دریائوں کی صورتحال تشویشناک ہو گئی، جبکہ متعلقہ اداروں نے فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت سے تقریباً 90 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہائو میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث سیہون کے متعدد نشیبی دیہات زیر آب آ گئے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ آبی وسائل سے متعلق حکام کے مطابق اس وقت دریائے سندھ میں سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔اسی طرح دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 196 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے اور ڈیم 57 فیصد تک بھر چکا ہے۔ متعلقہ اداروں نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائوں، بیراجوں اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہر ممکن تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔