دو ماہ قبل قتل ہونے والی خاتون کے کیس میں شوہر گرفتار
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)دو ماہ قبل 25 سالہ ماہ نور کے قتل کیس میں مطلوب شوہر بلال شاہ عرف کامریڈ دوسری اہلیہ سمیت گرفتار*دو ماہ قبل، مورخہ 06 مئی 2026 کو تھانہ پھلیلی کی حدود اوڈین سینیما پلازہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ملزم نے پسٹل سے فائرنگ کرکے اپنی 25 سالہ اہلیہ ماہ نور کو قتل کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ایس ایس پی حیدرآباد شہزیب چاچڑ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تھانہ پھلیلی پولیس کو مقدمہ درج کرکے ہر پہلو سے شفاف اور جامع تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کیے۔تھانہ پھلیلی پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ کرائم نمبر 96/2026 زیر دفعہ 302,34 تعزیرات پاکستان درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ کا اپنے شوہر کے ساتھ گھریلو تنازع چل رہا تھا۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے مبینہ طور پر اپنی دوسری بیوی اور گھر والوں کے اکسانے پر طیش میں آکر اپنی پہلی اہلیہ ماہ نور کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور فرار ہوگیا۔واقعے کی مسلسل تفتیش، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے تھانہ پھلیلی پولیس نے قتل کیس کے مرکزی ملزم بلال شاہ عرف کامریڈ کو اس کی دوسری اہلیہ مسمات شفاء سمیت گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان سے قتل کی اصل وجوہات اور دیگر پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ کیس کے تمام شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔