ریاست اپنی ذمے داری مکمل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، عوامی تحریک

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری، مرکزی نائب صدر ستار رند، مرکزی رہنماؤں ایڈووکیٹ سروان جتوئی، ایڈووکیٹ آصف کھوسو، منصور بپڑ، ڈاکٹر ماروی اور حسنہ راہوجو نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کا تحفظ، قانون کی حکمرانی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر حکومت اور پولیس ان ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ پولیس پریا کماری سمیت اغوا ہونے والے 25 معصوم بچوں کی بازیابی میں ناکام رہی ہے۔ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے پولیس نے ببرلو بائی پاس پر پرامن دھرنا دینے والے بچوں کے والدین اور سول سوسائٹی کے کارکنوں پر بدترین تشدد کیا، انہیں سڑکوں پر گھسیٹا اور ان پر دہشت گردی اور ریاست دشمنی جیسے جھوٹے مقدمات قائم کیے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس کا یہ طرز عمل غیر قانونی، بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی اور اظہارِ رائے کی آزادی پر حملہ ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اغوا شدہ بچوں کی مائیں اپنے جگر کے ٹکڑوں کی واپسی کے لیے فریاد کر رہی ہیں، مگر سندھ حکومت ان کی آواز سننے کو تیار نہیں۔ بچوں کے ورثا اور سول سوسائٹی کے کارکنوں پر دہشت گردی کے مقدمات قائم کرنا انتہائی قابلِ مذمت اور شرمناک اقدام ہے۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پرامن مظاہرین پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری مقدمات درج کیے جائیں، احتجاج کرنے والوں پر قائم تمام جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں اور پریا کماری سمیت اغوا ہونے والے تمام 25 بچوں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *