محسن نقوی کادورہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ‘ امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ
لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے مسافروں سے امیگریشن پروسیس میں لگنے والے وقت کے بارے میں دریافت کیا۔مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً 30 منٹ لگ رہے ہیں اور وزیر داخلہ سے امیگریشن کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی درخواست کی۔ محسن نقوی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ائرپورٹ پر تمام کاؤنٹرز کھلے رکھنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ دیگر کاؤنٹرز کھلے رہنے سے امیگریشن میں تاخیر نہیں ہوگی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔دورے کے دوران ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت بھی کی، جس پر وزیر داخلہ نے موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے کیس ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کردیا اور متعلقہ ایجنٹ کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی شخص کو سفر کی اجازت ہرگز نہ دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل آسان ہوا ہے، جبکہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا اور مسافروں کو امیگریشن کے عمل میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔