سائٹ ایسوسی ایشن کے تحت اجلاس، حیسکو ایکس ای این کی ٹیم کے ہمراہ شرکت
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام انڈس ڈائینگ میں حیسکو کے ایکس ای این سجاد پرویز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دورہ کیا، جہاں حیدرآباد سائٹ کے مختلف فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ، کم وولٹیج، ٹرپنگ اور بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی قیادت کے سینئر وائس چیٔرمین عامر شہاب نے کی۔ انہوں نے صنعتکار برادری کو درپیش بجلی سے متعلق مسائل تفصیل سے پیش کیے اور اس بات پر زور دیا کہ ان مسائل کے بروقت اور مستقل حل کے لیے فوری عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اجلاس میں وائس چیٔرمین ایسر کمار، سیکرٹری جنرل شاہد قائم خانی سمیت دیگر عہدیداران اور صنعتکار برادری نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ایکس ای این جناب سجاد پرویز صاحب نے نہایت مثبت، ذمہ دارانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں تمام مسائل سنے، ہر نکتے پر تفصیلی گفتگو کی اور اپنی ٹیم کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے بتایا کہ انڈس فیڈر، حیدر فیڈر اور سائٹ فیڈر سے متعلق تجاویز تیار کر لی گئی ہیں، جبکہ دیگر متاثرہ فیڈرز پر بھی مرحلہ وار عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صنعتکاروں کو بہتر اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔سجاد پرویز صاحب کی فوری کارروائی خصوصی طور پر قابلِ تعریف رہی۔ انہوں نے ہوسڑی فیڈر پر بار بار پیش آنے والے مسئلے کو فوری طور پر ترجیح دیتے ہوئے اعلان کیا کہ جمعہ کے روز دوپہر 2:00 بجے سے شام 5:30 بجے تک شٹ ڈاؤن لیا جائے گا تاکہ فیڈر کے کنڈکٹر کی تبدیلی کا کام مکمل کیا جا سکے۔ اس فوری فیصلے نے صنعتکار برادری کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔