آبی منصوبہ اعلیٰ معیار کے ساتھ بر وقت مکمل کیا جائے،عاجز دھامراہ
حیدرآباد(نمائندہ جسارت )پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر سینیٹر عاجز دھامرہ نے اپنے حلقہ انتخاب پی ایس 64حیدرآبادمیں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عبد الستار جتوئی، واسا حیدرآباد کے سی ای او طفیل ابڑو اور متعلقہ افسران کے ساتھ سندھ حکومت کی منظور شدہ واٹر سپلائی اسکیم کا تفصیلی دورہ کیا۔ یہ منصوبہ ہالا ناکہ سے شروع ہو کر بیل خانہ کھائی روڈ، میمن پاڑا، ٹنڈو ولی محمد اور ملحقہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہے۔ دورے کے دوران پروجیکٹ کی پیش رفت، تکنیکی امور اور موجود مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر عاجز دھامرا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں اور منصوبے کو مقررہ مدت میں اعلی معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد اس کا فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے تقریبا دو لاکھ افراد کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کا پانی میسر آئے گا، جس سے پانی کی قلت میں کمی عوام کی صحت میں بہتری، اور آبی امراض میں کمی آئے گی اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ سینٹر عاجز دھامرا نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کے معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو پائیدار اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گئی۔