طلبہ کا شاندار کارنامہ، سی پی آر کی عملی تربیت دینے والی جدید مشین تیار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) علی گڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے شعبہ بائیو میڈیکل کے طلبہ و طالبات نے دل کی دھڑکن اور سانس بحال کرنے (سی پی آر) کی عملی تربیت کے لیے “ریسکیو ردھم، سی پی آر ٹریننگ اسسٹنٹ” کے نام سے جدید مشین تیار کر لی جو تربیت حاصل کرنے والوں کو درست طریقہ کار سکھانے کے ساتھ ان کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیتی ہے۔ ادارے کے مطابق یہ جدید تربیتی نظام سینے پر دیے جانے والے دباؤ کو فوری طور پر جانچتا ہے اور بتاتا ہے کہ دباؤ درست، کم یا زیادہ ہے۔ مشین میں نصب اسکرین، رنگین اشارے اور صوتی بزر تربیت کے ہر مرحلے پر رہنمائی فراہم کرتے ہیں جبکہ یہ نظام سینے پر کیے گئے دباؤ کی تعداد اور تربیت کی درستگی کا ریکارڈ بھی محفوظ رکھتا ہے۔ یہ منصوبہ طالبات و طلبہ کشش امام، مسفرہ کامران، راہول مشتاق اور محمد عماد الدین نے اپنی ایڈوائزر انجینئر سیدہ تحریم قمر کی نگرانی میں تیار کیا۔ شعبہ بائیو میڈیکل کی سربراہ انجینئر ردا فاطمہ نے کہا کہ اگر زیادہ سے زیادہ افراد سی پی آر کا درست طریقہ سیکھ لیں تو دل کا دورہ، ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں بروقت طبی امداد فراہم کرکے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تربیتی مشین اسپتالوں، نرسنگ کالجوں، فرسٹ ایڈ ٹریننگ سینٹرز، ریسکیو اداروں اور طبی تعلیمی مراکز کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے تربیت حاصل کرنے والے افراد اپنی عملی مہارت کو بہتر انداز میں جانچ سکتے ہیں۔یہ منفرد منصوبہ علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پروجیکٹ ایگزبیشن 2026 میں پیش کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں، اساتذہ، صنعتی ماہرین اور دیگر شرکاء نے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے اسے طبی تربیت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *