بھارت کے الزامات پاکستان کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچا سکتے‘سنی تحریک
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ بھارت کے الزامات پاکستان کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچا سکتے‘مودی حکومت کی ظالمانہ، جابرانہ اور تعصب پر مبنی پالیسیاں بالآخر اسی کی تباہی کا سبب بنیں گی۔ بھارت میں موجود تمام مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو چاہیے کہ وہ مودی حکومت کی مبینہ نفرت انگیز، متعصبانہ اور جابرانہ پالیسیوں کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں، کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مودی حکومت کی تعصبانہ انسانیت دشمن اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ بھارت میں مساجد‘ مدارس، گھروں اور مذہبی مقامات پر ہونے والے مبینہ حملوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے خلاف مبینہ تشدد، خواتین پر زیادتی، بلاجواز گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی ملک کی جانب سے دہشت گردی یا پراکسی جنگ کی سرپرستی کی جاتی ہے تو ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہیں۔