نوشابہ ہاشمی کا خواتین کو اتحاد، تعلیم اور EOBIمیں رجسٹریشن کا پیغام
ای او بی آئی پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (EPWA) خواتین ونگ کی نائب صدر نوشابہ ہاشمی نے خواتین کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ دور علم، شعور اور مضبوط کردار کا تقاضا کرتا ہے، اور ایک باشعور و باکردار خاتون نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اپنی دینی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داریوں کو پہچانتے ہوئے تعلیم، خدمتِ خلق اور مثبت کردار کے ذریعے معاشرے میں خیر و بھلائی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اتحاد، محبت، برداشت اور باہمی احترام کو اپنی زندگی کا شعار بنایا جائے اور نئی نسل کی بہترین تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ مضبوط خاندان ہی ایک مضبوط اور خوشحال قوم کی بنیاد ہوتے ہیں۔ نوشابہ ہاشمی نے کہا کہ خواتین اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں اور ایسے معاشرے کی تشکیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں جہاں خواتین کو عزت، وقار، مساوی مواقع اور ترقی کے بھرپور امکانات میسر ہوں۔ انہوں نے نجی اداروں، اسکولوں، کالجوں، اسپتالوں، فیکٹریوں اور دیگر نجی شعبوں میں ملازمت کرنے والی خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہEOBI میں رجسٹریشن ان کا قانونی حق ہے۔ یہی ادارہ نجی شعبے کے کارکنوں کو بڑھاپے میں پنشن اور دیگر سماجی تحفظ کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی خاتون EOBI میں رجسٹرڈ ہے اور مقررہ قانونی شرائط پوری کرتی ہے تو 55 سال یا اس سے زائد عمر میں پنشن اور دیگر مراعات کی حق دار بن سکتی ہے۔ تاہم اگر کسی ملازمہ کا اندراج EOBI میں نہیں کیا گیا تو وہ اپنے اس اہم قانونی اور سماجی حق سے محروم ہو سکتی ہے۔ نوشابہ ہاشمی نے تمام ملازمت پیشہ خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اداروں سے فوری طور پر معلوم کریں کہ آیا ان کا نام EOBI میں رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔ اگر رجسٹریشن نہیں ہوئی تو اپنے قانونی حق کے حصول کے لیے متعلقہ ادارے سے رجوع کریں اور اپنی رجسٹریشن یقینی بنائیں، کیونکہ یہ صرف ان کا قانونی حق ہی نہیں بلکہ ان کے اور ان کے خاندان کے محفوظ اور باوقار مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (EPWA) نجی شعبے کے کارکنوں اور پنشنرز کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنے، رہنمائی فراہم کرنے اور سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ EPWA سے رابطے میں رہیں، اپنے حقوق کے بارے میں آگاہی حاصل کریں اور یہ معلومات دیگر خواتین تک بھی پہنچائیں۔