مزدور رہنمائوں کے وفد کی لانڈھی سیسی اسپتال کے MSسے ملاقات
لانڈھی سوشل سیکورٹی اسپتال میں مزدور محاذِ عمل اور آل سندھ ورکر فیڈریشن کے مشترکہ وفد نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر قائم خانی سے حالیہ HIV کیسز، اسکریننگ، احتیاطی تدابیر اور علاج سے متعلق اقدامات پر تفصیلی ملاقات کی۔وفد میں مزدور محاذِ عمل کے سینئر نائب صدر شاہد خان یوسفزئی، سلمان خان، محمد علی، اعجاز خان، جبکہ آل سندھ ورکر فیڈریشن کے صدر واحد خان، منیجنگ کمیٹی کے رکن شاہین خان، مزدور نمائندے عمر فروش اور عمران خان شامل تھے۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر ظفر قائم خانی نے بتایا کہ اسپتال میں کیئر اینڈ ٹریٹمنٹ سینٹر (CTC) کے ذریعے HIV اسکریننگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹاٹا کمپنی کے تمام مزدوروں کی اسکریننگ مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ آئندہ چند دنوں میں جنرل ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی کے مزدوروں کی اسکریننگ بھی شروع کر دی جائے گی تاکہ بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کو یقینی بنایا جا سکے۔وفد نے اسپتال انتظامیہ کے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صنعتی مزدوروں کے ساتھ ساتھ لانڈھی اور ملحقہ مضافاتی آبادیوں، خصوصاً مجید کالونی، مسلم آباد کالونی، نیو مظفرآباد کالونی، اولڈ مظفرآباد کالونی اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی HIV اسکریننگ، آگاہی مہم اور طبی سہولیات کا
دائرہ وسیع کیا جائے تاکہ بروقت تشخیص، مناسب علاج اور بیماری کے پھیلاؤ کی مؤثر روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ HIV سے متعلق آگاہی، احتیاطی تدابیر اور بلاامتیاز طبی سہولیات کی فراہمی صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے، اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں، صنعتی اداروں اور مزدور تنظیموں کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔آخر میں مزدور محاذِ عمل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مزدوروں اور عوام کی صحت کے تحفظ، بیماریوں کی بروقت تشخیص اور صحتِ عامہ سے متعلق مثبت اقدامات کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔