ای او بی آئی فنڈز کے استعمال پر پنشنرز کے تحفظات، ایپوا کا اظہارتشویش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایپوا (EPWA) کے چیئرمین اظفر شمیم کی زیر صدارت اجلاس میں ای او بی آئی فنڈز کے مجوزہ استعمال، سوشل پنشنرز کے حقوق، تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین متین خان، صدر نسیم احمد، سینئر نائب صدر شمس الضحیٰ زبیری، سیکریٹری اطلاعات رضا حیدر، ظفر پاشا، احتشام الحسن، ملکہ آفروز روہیلہ، نوشابہ ہاشمی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اظفر شمیم نے کہا کہ ای او بی آئی کی ماضی کی بعض سرمایہ کاریاں ناکام رہیں، اس لیے نئے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پنشنرز کے لیے میڈیکل انشورنس اور ایپوا کا اپنا میڈیا پلیٹ فارم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نسیم احمد نے ای او بی آئی اور سی ڈی اے کے مشترکہ منصوبوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر سیاسی قیادت سے رابطے کیے جائیں گے، جبکہ ملکہ آفروز روہیلہ نے مطالبہ کیا کہ پنشنرز کے فنڈز سے متعلق فیصلوں میں ان کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔متین خان، ظفر پاشا، شمس الضحیٰ زبیری، رضا حیدر اور نوشابہ ہاشمی نے ای او بی آئی ایکٹ 1976 میں ترمیم، سالانہ پنشن میں اضافہ، فنڈز کے شفاف استعمال، میڈیکل سہولتوں اور پنشنرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر سلمان اشرف (وائس چیئرمین، وی ٹرسٹ) اور زاہد عسکری (ٹرسٹی، وی ٹرسٹ) نے ایپوا کی نئی قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے سوشل پنشنرز کے حقوق کی جدوجہد میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ وی ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر ملک محمد شفیع نے علالت کے باعث عدم شرکت پر نیک تمناؤں کا پیغام بھجوایا۔ بعد ازاں وی ٹرسٹ کی جانب سے شرکا کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *