آٹو ڈس ایبل سرنجوں کے دو نمونے غیر معیاری قرار
کراچی(جسارت نیوز)سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری (ایس ڈی ٹی ایل) نے آٹو ڈس ایبل سرنجوں کے دو نمونوں کو ٹیسٹنگ کے بعد غیر معیاری قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کے لیے رپورٹ ارسال کر دی ہے۔سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جانچ کے دوران 5 ملی لیٹر اور 3 ملی لیٹر آٹو ڈس ایبل سرنجوں کے نمونے مقررہ معیار پر پورا نہیں اتر سکے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں سرنجوں کو میڈیکل ڈیوائس رولز 2017 کے تحت غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ سرنجیں خیبرپختونخوا میں قائم ایک فارماسیوٹیکل کمپنی کی تیار کردہ ہیں۔ ٹیسٹنگ کے دوران ان سرنجوں میں موجود آٹو ڈس ایبل اور ری یوز پروٹیکشن فیچر مطلوبہ معیار کے مطابق مؤثر ثابت نہیں ہوئے، جس کے باعث ان کا خودکار حفاظتی نظام بھی ناکام رہا۔ڈائریکٹر جنرل سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری عدنان رضوی کے مطابق آٹو ڈس ایبل سرنجوں کا بنیادی مقصد ایک ہی مرتبہ استعمال کو یقینی بنانا اور انہیں دوبارہ استعمال کے قابل نہ رہنے دینا ہے، تاہم متعلقہ نمونوں میں یہ حفاظتی خصوصیات مؤثر ثابت نہ ہونے کے باعث یہ سرنجیں محفوظ انجیکشن کے اصولوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ رپورٹس مزید کارروائی کے لیے ڈرگ انسپکٹر کراچی ایسٹ اور سیکریٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ کو ارسال کر دی گئی ہیں، تاکہ ضابطے کے مطابق قانونی اور انتظامی اقدامات عمل میں لائے جا سکیں۔