کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب رہے گا، بوندا باندی کا بھی امکان
کراچی(جسارت نیوز)محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی صورتحال کے حوالے سے پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں مون سون سسٹم کے اثرات برقرار رہیں گے، جبکہ کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیرکو کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ،شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوب مغرب سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ مرطوب موسم کے باعث گرمی کی شدت اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم دن یا رات کے اوقات میں بعض علاقوں میں بوندا باندی یا ہلکی بارش سے موسم میں جزوی بہتری آ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کے زیر اثر سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان موجود ہے۔