اسٹیبلشمنٹ نے پھر ایم کیو ایم میں جان ڈال دی ، عوامی تحریک

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) اسٹیبلشمنٹ نے ایک بار پھر ایم کیو ایم میں جان ڈال دی ہے۔ سندھ دشمن جلال پور کینال اور سندھ کے بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے صوبہ سندھ کی تقسیم کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ سندھ دشمن قوتیں یاد رکھیں کہ پاکستان کا خالق سندھ ہے، سندھ کو پاکستان نے وجود نہیں دیا۔ سندھ کی وحدت پر حملہ کوئی بھی محب وطن سندھی برداشت نہیں کرے گا۔عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری، مرکزی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ ساجد حسین مہیسر، مرکزی رابطہ سیکرٹری لال جروار، اور مرکزی رہنماؤں ایڈووکیٹ خالد تنیو اور نور نبی پلیجو نے ایم کیو ایم کے مصطفی کمال، خالد مقبول صدیقی اور دیگر کی جانب سے سندھ کی تقسیم کے حق میں کی جانے والی “زہریلی” اور “ملک دشمن” پروپیگنڈا مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1947ء میں یوپی اور سی پی سے آنے والوں کو سندھ نے پناہ دی تھی، اور آج وہی پناہ لینے والے سندھ کو تقسیم کرنے کے مطالبات کر رہے ہیں۔عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ ایک طرف سندھ کی تقسیم کے لیے ایم کیو ایم کے ذریعے مہم چلائی جا رہی ہے، جبکہ دوسری طرف قومی میڈیا کے بعض نام نہاد ادارے نئے صوبوں کے نام پر ایم کیو ایم کی حمایت میں اداریے لکھ رہے ہیں اور مضامین شائع کر رہے ہیں۔ اس عمل میں اسٹیبلشمنٹ اور پنجاب کے حکمران ملوث ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے حکمرانوں نے بھی ہمیشہ اقتدار کی خاطر ایم کیو ایم کو اپنے ساتھ رکھا، اور اس وقت بھی وفاقی حکومت میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے دہشتگرد اتحادی ہیں۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں کے مطابق جب سندھ میں پانی کی مصنوعی قلت اور پنجاب کی جانب سے غیر قانونی جلال پور کینال کے خلاف پوری سندھ احتجاج کر رہی ہے، تو ایک سازش کے تحت نئے صوبوں کے نام پر سندھ کی تقسیم کے لیے ایم کیو ایم اور بعض میڈیا اداروں کو میدان میں اتارا گیا ہے تاکہ عوام کی توجہ پانی کے مسئلے اور جاری جدوجہد سے ہٹائی جا سکے۔رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کا بچہ بچہ اپنی دھرتی ماں سندھ کے لیے جدوجہد کرے گا اور سندھ دشمن قوتوں، ارغونوں، ترخانوں، نئے نادر شاہوں، جنرل ایوب، جنرل ضیا اور جنرل مشرف کے ساتھیوں کو اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہونے دے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *