اینٹی کرپشن کورٹ نے پولیس سیکورٹی ونگ سے متعلق رپورٹس طلب کر لیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن کورٹ کراچی نے پولیس کے سیکورٹی ونگ میں مبینہ کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور پولیس اہلکاروں کی غیر قانونی تعیناتی سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ اور پولیس سے تفصیلی رپورٹس طلب کر لیں۔عدالت نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے مکالمے میں کہا کہ جس ڈی آئی جی کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے، اسی سے رپورٹ طلب کرنا مناسب نہیں لہٰذا کسی دوسرے ڈی آئی جی کے ذریعے رپورٹ جمع کرائی جائے۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ سے بھی الزامات پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار غلام اکبر جتوئی نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کی سات کمپنیوں سے 100 سے زائد اہلکار پرائیویٹ شخصیات کی سیکورٹی پر تعینات ہیں اور اس کے عوض مبینہ طور پر ماہانہ رقوم وصول کی جاتی ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کو جعلی ریکارڈ بکس بھیجی جاتی ہیں جبکہ موجودہ تفتیشی افسر سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع نہیں، اس لیے نیا تفتیشی افسر مقرر کیا جائے۔ درخواست میں ایس پی سیکورٹی محمود راجپوت، ڈی آئی جی مقصود میمن اور دیگر افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *