آزاد اور ذمے دار صحافت جمہوریت کا بنیادی ستون ہے، نہال ہاشمی
کراچی (جسارت نیوز)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت جمہوریت کا بنیادی ستون ہے، جبکہ اظہارِ رائے کی آزادی کے ساتھ قومی مفاد اور ذمہ دارانہ صحافت بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد اور عوامی خدمت کا مؤثر نظام ہیں اور گورنر کا منصب سندھ کے عوام کی امانت ہے، جسے وہ دیانتداری، شفافیت اور انصاف کے ساتھ نبھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو نے کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ حلف اٹھاتے وقت انہوں نے عہد کیا تھا کہ وہ تعصب، بے ایمانی، ناانصافی، تکبر اور غرور سے ہمیشہ دور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحافتی برادری کی رہنمائی، مشاورت اور مثبت تجاویز کو ہمیشہ اہمیت دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے کی درست رہنمائی، عوامی شعور کی بیداری اور جمہوری اقدار کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر سی پی این ای کے وفد نے سندھ میں موٹر ویز کے نیٹ ورک کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیکا آرڈیننس پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ صحافتی برادری سے متعلق قانون سازی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کی جائے اور میڈیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔وفد میں حسن عباس ، محمد عارف بلوچ ، منیزا سہم،قاضی اسد عابد ، مقصود یوسف ، محمد عثمان ، عبد الرحمن سمیع، حسن نثار ، محمود عالم خالد، محمد کنور، مدثر عالم ، حسن عباس اور بشیر احمد شامل تھے۔