عزیزآباد میں گھر میں گھس کر سابق سیاسی کارکن کو قتل کردیا گیا، بیٹا زخمی

کراچی(جسارت نیوز) عزیزآباد میں فائرنگ سے جاں بحق شخص ایک سیاسی جماعت کا سابق کارکن تھا جس نے اب کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔تفصیلات کے مطابق عزیز آباد تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک 8 الحبیب سوسائٹی المعاذ مسجد کے قریب گھر میں فائرنگ سے باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 65 سالہ سمیع الدین رحمانی عرف تنو بھائی اور زخمی کی 27 سالہ فصیح الدین رحمانی کے نام سے کی گئی، مقتول اور مضروب باپ بیٹے ہیں، مقتول دو بیٹوں کا باپ اور نیشنل بینک سے ریٹائرڈ تھا جبکہ اس کا بیٹا غیر شادی شدہ اور نجی بینک میں ملازم تھا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق رات تقریباً چار اور ساڑھے چار بجے کے درمیان فائرنگ کی آواز سن کر وہ اپنے گھروں سے باہر نکلے تو تنو بھائی کا بڑا بیٹا طحہٰ مانی دروازہ کھول کر گلی میں آیا اور اس نے بتایا کہ اس کے والد اور بھائی کو گولیاں ماری گئی ہیں، گھر میں جا کر دیکھا تو سمیع الدین کی خون میں لت پت لاش اور بیٹا زخمی حالت میں پڑا تھا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ملزمان عقبی گلی سے آئے تھے ایک ملزم دیوار پھلانگ کراندر داخل ہوا اور فائرنگ کرکے دروزے پر لگا تالا اور کنڈی توڑی جس کے بعد مزید دو ملزمان گھر میں داخل ہوگئے، ایک ملزم اس کمرے میں گیا جہاں سمیع الدین سوتے تھے، ملزمان نے پہلے اس کی اہلیہ کو گردن پر بٹ مارا اس کے بعد سمیع الدین کے سینے پر عین دل کے مقام پر گولی ماری۔بعد ازاں ملزمان دوسرے کمرے میں گئے جہاں فصیح تھا فائرنگ کی آواز سن کر وہ بھی اٹھ گیا تھا، ملزمان اور فصیح میں ہاتھا پائی ہوئی اس دوران طحہٰ مانی جو بالائی منزل پر سوتا تھا وہ بھی نیچے آنے لگا تو ایک ملزم نے اس کے سرپر پر پستول رکھ دی تاہم ملزمان نے ہاتھا پائی کے دوران سمیع کو فائرنگ کر کے زخمی کیا اور فرار ہوگئے۔ملزمان نے پوری واردات کے دوران گھر سے کوئی چیز بھی نہیں لوٹی، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے ، مقتول سمیع الدین رحمانی پہلے ایک سیاسی جماعت سے وابستہ تھے تاہم بعد میں انہوں نے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *