تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ، سلیم میمن

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدرمحمد سلیم میمن کی قیادت میں ایک وفد نے چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیوسجاد اکبر شاہ کی دعوت پر کوریجنل ٹیکس آفس (RTO) حیدرآباد کا دورہ کیا۔ ملاقات میں تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش ٹیکس سے متعلق امور، حکومتی سہولتوں اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرصدرچیمبر سلیم میمن نے ایف بی آر کی جانب سے کاروباری برادری کے ساتھ مثبت اور تعمیری روابط قائم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، لہٰذا ان کے مسائل کے فوری اور مستقل حل کے لیے اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایف بی آر حیدرآباد اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری پر مشتمل ایک مشترکہ رابطہ کمیٹی قائم کی جائے، جس میں چیمبر کے تین اور ایف بی آر کے تین نمائندے شامل ہوں، تاکہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل باہمی مشاورت سے فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔ کمشنر اِن لینڈ ریونیو نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس کمیٹی کے قیام کی منظوری دی اور اعلان کیا کہ اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔ چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو سجاد اکبر شاہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی پالیسی کے مطابق تاجروں اور صنعتکاروں کو بلاجواز ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کاروباری برادری کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے اور ادارے کا مقصد ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرتے ہوئے آسان، دوستانہ اور سہولت پر مبنی نظام فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے آئندہ متعارف کرائی جانے والی تمام اہم اسکیموں اور سہولتوں کا آغاز حیدرآباد میں بھی یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ان کے نفاذ سے قبل حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کو اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ کاروباری برادری کی آراء اور تجاویز کو بھی شامل کیا جا سکے۔ اس موقع پر کمشنر اِن لینڈ ریونیو زون II، شمیم مرتضیٰ نے SRO-1166 کے تحت متعارف کرائے گئے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے 25 ہزار روپے کے ابتدائی ٹیکس سے متعلق فارم کی تکمیل، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور اس کے قانونی تقاضوں کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اسکیم 200 ملین سے کم ٹرانزکشن کرنے والوں کے لیے ہے اس اقدام کا مقصد کاروباری برادری کو ٹیکس نظام میں آسان، شفاف اور منظم انداز میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے والے تمام کاروباروں کو ایف بی آر کی جانب سے گرین نمبر پلیٹ جاری کی جائے گی، جسے اپنی دکان یا کاروباری مرکز پر نمایاں طور پر آویزاں کیا جا سکے گا۔ اس گرین نمبر پلیٹ کے حامل کاروباروں کے بارے میں بتایا گیا کہ ان کے کاروباری مراکز پر معمول کی کارروائی کے لیے ایف بی آر کے اہلکار نہیں جائیں گے، جبکہ انہیں معمول کے آڈٹ سے بھی مستثنیٰ رکھا جائے گا۔ اس موقع پر حیدرآباد چیمبرکے سینئر نائب صدر احمد ادریس چوہان، سابق صدور محمد فاروق شیخانی، سلیم الدین قریشی، ایف بی آر سب کمیٹی کے کوکنوینرز عارف میمن اور صنور قریشی، سینئر ممبرز ڈاکٹر محمد اسماعیل فاروق نامی، سکندر علی راجپوت، کاشف شیخ، شاہد قائم خانی، حیدرآبادسائٹ ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب چیئرمین عامر شہاب اور نائب چیئرمین ایسر کمار بھی وفد میں شامل تھے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *