تیل و بجلی کابحران 4 ماہ میں حل کرسکتے ہیں‘ چیئرمین نیب

اسلام آباد (صباح نیوز) نیب حکام نے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیرصدارت سینیٹ کی لاء اینڈ جسٹس کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں 4 ماہ کا وقت دیا جائے تو وہ تیل، بجلی سمیت بڑے چیلنجز کو دور کر سکتے ہیں، انہیں مینڈیٹ دیا جائے اور ایک ہائی لیول کمیٹی تشکیل دی جائے، جس میں ایف بی آر، ایس ای سی پی اور مسابقتی کمیشن کے حکام کو شامل کیا جائے،تیل اور بجلی سمیت بڑے بحرانوں کا حل موجود ہے اور اس سے کم مدت میں مسائل حل کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو منصوبہ تیار کیا جائے گا وہ زمینی حقائق کے مطابق اور مقامی سطح پر تیار کردہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ نیب نے 1991ء سے جون 2026ء تک 16 ہزار 93 ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔ڈی جی نیب کے مطابق گزشتہ 36 برس میں نیب نے 5 لاکھ 5 ہزار 799 شکایات کا جائزہ لیا، 7 ہزار 339 انویسٹی گیشن مکمل کیں،1 لاکھ 21 ہزار 147 انکوائریز کیں اور 4 ہزار 105 ریفرنسز دائر کیے۔نیب حکام نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے5 برس میں نیب کو ساڑھے 22 ارب روپے کا بجٹ ملا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ اتنے کم بجٹ میں سب سے زیادہ ریکوریاں کرنے پر نیب سرفہرست ہے۔ڈی جی نیب آپریشنز نے کمیٹی کو بتایا کہ نیب 50 کروڑ روپے سے کم رقم کی خوردبرد کے کیسز ڈیل نہیں کرتا۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ نیب میں غلط شکایات درج ہونے کے باعث لوگوں کا اعتماد ختم ہوا، جھوٹی شکایات کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ضروری ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *