7 اگست کا احتجاج عوامی حقوق کے حصول کیلیے ہے،قدسیہ ناموس

لاہور (نمائندہ جسارت) 7 اگست کا احتجاج عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسوں، مہنگائی کی مجموعی صورتحال، ظالمانہ آئی پی پیز معاہدوں،لوڈشیڈنگ اور غیر منصفانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف لاکھوں افراد پرامن مظاہرے کریں گے، پیٹرولیم لیوی عوام پر اضافی مالی دباؤ ہے جسے ختم کیے بغیر معاشی مشکلات کا خاتمہ ممکن نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہارحلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ قدسیہ ناموس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے جبکہ اس کے سب سے نمایاں اثرات گھریلو بجٹ اور خواتین پر مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس اور اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے،خواتین محدود آمدنی میں خوراک، بچوں کی تعلیم، علاج معالجے اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے مسلسل دباؤ کا شکار ہیں۔ مہنگائی اب محض ایک معاشی مسئلہ نہیں رہی بلکہ یہ لاکھوں خاندانوں کیلئے باوقار زندگی، بہتر تعلیم، صحت اور غذائی تحفظ کا مسئلہ بن چکی ہے۔قدسیہ ناموس نے کہا کہ حکومت عوام پر مزید ٹیکسوں، ڈیوٹیز اور لیویز کا بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے غیر ضروری اخراجات میں کمی کرے اور عوام کو حقیقی اور فوری ریلیف فراہم کرے، عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، اس لیے مزید معاشی بوجھ ان کیلئے ناقابل برداشت ہے،7 اگست کو جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے مہنگائی اور عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کے خلاف ہونے والا احتجاج دراصل عوام کے بنیادی معاشی حقوق کی آواز ہے یہ احتجاج ان تمام خاندانوں کی آواز ہے جو مسلسل بڑھتی قیمتوں کے باعث اپنے بچوں کی ضروریات پوری کرنے اور گھر کا بجٹ متوازن رکھنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، 7 اگست کا احتجاج عوام کو اپنے معاشی مسائل کیلئے آواز بلند کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد عوام بالخصوص خواتین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ مہنگائی کے خلاف اس آواز کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیںاور7 اگست کی ہڑتال میں عوام بھرپور حصہ لیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *