صوفیائے کرام کی تعلیمات برداشت، باہمی احترام کا مؤثر ذریعہ ہیں،گورنر پنجاب
حیدرآباد(نمائندہ جسارت)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 283ویں سالانہ عرس مبارک کے پہلے روز بھٹ شاہ پہنچ کر مزار اقدس پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ عظیم صوفی بزرگ، مفکر اور علم و محبت کے پیامبر تھے، جن کی تعلیمات آج بھی محبت، امن، رواداری، اخوت اور انسان دوستی کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کے پہلے روز شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز اور سعادت ہے۔گورنر پنجاب نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے روحانی، ادبی اور فکری ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوفیائے کرام کی تعلیمات معاشرے میں برداشت، باہمی احترام اور ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔اس موقع پر انہوں نے عرس کی شاندار انتظامات پر حکومت سندھ، محکمہ ثقافت سندھ، عرس انتظامیہ، ذوالفقار شاہ اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ گزشتہ برس چیٔرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی عرس کی تقریبات میں شرکت کی تھی، جو حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ سے عقیدت اور سندھ کی صوفی روایات سے وابستگی کا اظہار ہے۔