آزاد کشمیر میں امن و امان کی ابتر صورتحال افسوسناک ہے‘حلیمہ سعدیہ

لاہور (نمائندہ جسارت) ناظمہ اعلیٰ اسلامی جمعیت طالبات پاکستان حلیمہ سعدیہ نے آزاد کشمیر میں مظاہرین کی ہلاکتوں کو ایک قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ اور میرپور میں عوام پر تشدد اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات خواہ کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں، حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین پر گولیاں چلانا نہ صرف غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔اسلامی جمعیت طالبات پاکستان جاں بحق ہونے والے کشمیریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے اس معاملے کا پرامن حل نکالے، ذمے داران کا تعین کرے اور متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *