جیکب آباد: جمالی نہر میں ہولناک شگاف ، ریلوے ٹریک ڈوب گیا
جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں آبپاشی و بلدیہ حکام کی مجرمانہ غفلت! جمالی نہر میں ہولناک شگاف، چنہ محلہ جل تھل، ریلوے ٹریک بھی ڈوب گیا،جمالی نہر کا تباہ کن پانی دہیرن نہر میں گرنے سے نہر اوور ٹاپ؛ درجنوں گھروں میں پانی داخل، علاقہ مکین محصور!،محکمہ آبپاشی، بلدیہ اور ریلوے انتظامیہ کی بے حسی عروج پر؛ بروقت اقدامات نہ ہونے سے تباہی پھیلی، عوام کا شدید احتجاج تفصیلات کے مطابقجیکب آباد میں محکمہ آبپاشی، بلدیہ اور ریلوے انتظامیہ کی مجرمانہ لاپرواہی اور عدم توجہی کے باعث شہر کے غریب مکینوں پر بڑا مائی تشویشناک بحران ٹوٹ پڑا! جمالی نہر میں اچانک بڑا شگاف پڑنے سے پانی کے شدید بہاؤ نے دہیرن نہر کا رخ کر لیا، جس کے نتیجے میں دہیرن نہر پر پانی کا دباؤ برداشت نہ ہو سکا اور نہر اوور ٹاپ ہو کر قریبی آبادی پر قہر بن کر ٹوٹ پڑی۔نہر کا بند ٹوٹنے اور پانی اوور ٹاپ ہونے کے باعث چنہ محلہ جل تھل ہو گیا ہے نہر کا تیز بہاؤ والا پانی چنہ محلہ کے گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے بچے و خواتین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، نہر کا پانی پاکستان ریلوے کے مرکزی ٹریک تک جا پہنچا، جس کے باعث ریلوے ٹریک مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا ہے لیکن باوجود محکمہ آبپاشی، میونسپل کمیٹی جیکب آباد اور ریلوے حکام کی جانب سے شگاف کوپر کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے چنہ محلہ کے مکینوں نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد اور سیکریٹری آبپاشی سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔