ٹیکس ورلڈ یو ایس اے میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی 6 پاکستانی کمپنیوں کی پذیرائی

کراچی(کامرس رپورٹر)ایسٹ کوسٹ کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی سورسنگ کی نمائشیں ٹیکس ورلڈ نیویارک،اپیرل سورسنگ نیو یارک اورہوم ٹیکسٹائل سورسنگ نیو یارک نمائش نیویارک سٹی کے جاوٹس سینٹر میں 29سے31جولائی تک جاری رہنے کے بعد کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں۔ایسٹ کوسٹ کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے سب سے بڑے ایونٹ کے طور پرجانی جانے والی ان نمائشوں میں20ممالک کے 425سے زائد نمائش کنندگان نے شرکت کی،جہاں ان کیلئے ایتھیکل سورسنگ، پائیداری اور عالمی کاروباری مواقعوں کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کیا گیا تھا۔سمر2026کے اس ایڈیشن میں ٹیکس ورلڈ نیویارک کی20ویں سالگرہ بھی منائی گئی،جہاں عالمی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو جوڑنے اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ دینے کی دو دہائیوںکا جشن منایا گیا۔ نمائش میںپانچ کمپنیوں اے ون انفنیٹی،ہوم ٹیکس کارپوریشن،ایم آر آئی گروپ،نذا اسپورٹس اور روقی اسپورٹس نے ٹڈاپ کے پاکستان پویلین کے تحت شرکت کی جبکہ محمود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ ن آزادانہ طور پر نمائش میںشریک تھی اورانہوں نے فیشن ملبوسات،ڈینم اور ہوم ٹیکسٹائل کے شعبوں میںملکی صلاحیت کا بھرپور ڈسپلے کیا۔ان کمپنیوںکی شرکت نے ایک قابل اعتماد عالمی سورسنگ کے مرکز کے طور پر پاکستان کی ساکھ کو مزید مستحکم کیا ،اور ایک ایسے مرکز کے طور پر اپنی شناخت کو اجاگر کیا جو معیاری مینو فیکچرنگ ،پیداواری مسابقتی صلاحیتوں اوربر آمدات میںعمدہ کارکردگی کیلئے جانا جاتا ہے۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر، رضوان سعید شیخ نے نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر کے ہمراہ پاکستان پویلین کا دورہ کیا، شریک نمائش کنندگان سے ملاقات کی اور عالمی منڈی میں پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کی مؤثر نمائندگی پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ان کمپنیوں کی شرکت نے عالمی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو اجاگر کیا اور بین الاقوامی خریداروں کو اعلیٰ معیار کی ٹیکسٹائل مصنوعات فراہم کرنے کے لیے ملک کے مسلسل عزم کی عکاسی کی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *