اسحاق ڈار سے بیلاروس کے وزیر توانائی کی ملاقات، دوطرفہ تعاو ن پر اتفاق
اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں جمہوریہ بیلاروس کے وزیر توانائی ڈزینس ماروز سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے اسلام آباد اور وزیراعظم شہباز شریف کے منسک کے حالیہ دوروں کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک موجودہ مثبت رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے اعلیٰ سطحی روابط کو مزید مستحکم کریں گے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ اس موقع پر تجارت، صنعت، زراعت، توانائی اور علاقائی رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ دوطرفہ ادارہ جاتی روابط اور مشترکہ تعاون کے موجودہ نظام کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ پاکستان اور بیلاروس کے بڑھتے ہوئے تعلقات کو عملی اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔