سسٹم فیل ہو چکا ‘وفاقی وزیر داخلہ نے درست کہا‘ وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ نے درست کہا تھا کہ سسٹم فیل ہوچکا ہے، اداروں میں موجود کمزوریوں کے باعث محکمے بند ہوجاتے ہیں لیکن جواب دہی وزرا کو کرنا پڑتی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس چیئرمین سینیٹر ناصر بٹ کی زیرصدارت ہوا، جس میں پی ڈبلیو ڈی کے سابق ملازمین کو مختلف محکموں میں ایڈجسٹ کرنے اور انہیں پنشن کی عدم ادائیگی کے معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 100 سے زائد خواتین کے شوہر دوران ملازمت انتقال کرچکے ہیں تاہم انہیں واجبات ادا نہیں کیے گئے۔ سینیٹر خالدہ اطیب نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی ملازمین کا پنشن معاملہ انتہائی حساس ہے جبکہ سی ڈی اے میں ایڈجسٹ کیے گئے بعض ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن بھی نہیں مل رہی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے بتایا کہ ان کی اطلاع کے مطابق ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں، جبکہ سی ڈی اے اور داخلہ حکام کے مطابق 1,468ملازمین کو تنخواہیں دی جارہی ہیں،بعد ازاں سیکرٹری ہاؤسنگ نے بتایا کہ مجموعی طور پر 3,224ملازمین کو تنخواہیں مل رہی ہیں۔ دورانِ اجلاس سینیٹر جان محمد نے وزیر ہاسنگ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا کام کریں اور دوسروں کے معاملات میں نہ پڑیں، جس پر اجلاس میں گرما گرم بحث بھی ہوئی۔ وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ یہ نظام کی کمزوریاں ہیں جن کے باعث ادارے بند ہوجاتے ہیں، افسران نے حساب نہیں دینا لیکن جواب ہمیں دینا پڑتا ہے،انسانی بنیادوں پر بھی کوئی کام نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی خطوط کے ذریعے اربوں روپے کے فراڈ کیے جاتے ہیں اور ان کی وزارت ماضی میں بلیک میلنگ کے لیے بھی استعمال ہوتی رہی ہے۔ ریاض پیرزادہ نے مزید کہا کہ میری وزارت ہمیشہ بلیک میلنگ کے لیے استعمال ہوئی، پچھلے ماہ چھ وزرا کے نام نکال کر دیکھ لیں، وہ ایم این ایز وزیر تھے جن کے سہارے حکومتیں کھڑی رہیں، وہ سب کچھ کرتے رہے اور اب مجھے جواب دینا پڑ رہا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *