بلوچستان کے ضلع سوراب میں رات کا کرفیو نافذ

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے ضلع سوراب میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ لسبیلہ کے بعض حصوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔سوراب کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ضلع سوراب میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے 15 اگست تک رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ روزانہ رات آٹھ بجے سے صبح نو بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ضلعی انتظامیہ نے تمام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے اہلخانہ کی حفاظت کے لیے جاری کردہ سیکورٹی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔بی بی سی کے مطا بق اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اپنے کسی بھی ممکنہ نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایک سینئر سرکاری اہلکار نے بتایا کہ لسبیلہ شہر کے بھی بعض حصوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔اس سے قبل ضلع قلات میں شام چھ بجے سے صبح 10 بجے جبکہ خضدار میں رات آٹھ بجے سے صبح 10بجے تک شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *