ڈیجیٹل ہیلتھ ویژن کی تشکیل، اجلاسوں میں اہم پیش رفت
لاہور (صباح نیوز) وزارتِ قومی صحت نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے اشتراک سے، صحت کے شعبے کے لیے ملک گیر ‘ڈیجیٹل سیکٹورل پلان’ کے تحت لاہور میں پہلی دو مشاورتی ورکشاپس کامیابی سے منعقد کیں۔ان اجلاسوں میں پنجاب سے صحت کے شعبے کی قیادت اور معزز اسٹیک ہولڈرز (متعلقہ فریقین) کے ایک وسیع گروپ کو اکٹھا کیا گیا تاکہ ڈیجیٹل صحت کے حوالے سے پاکستان کے مستقبل کے وژن کو تشکیل دیا جا سکے۔ صحت کے لیے انسانی وسائل پر مبنی پہلے اجلاس کی سہولت کاری پروفیسر محمود شوکت نے کی جبکہ دوسرے اجلاس میں زچہ و بچہ کی صحت کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت ، ڈیٹا اور ڈیجیٹل ہیلتھ کے موضوعات کا احاطہ کیا گیا، جس کی سہولت کاری ڈاکٹر نعیم مجید نے کی۔ یہ اجلاس 10 ورکشاپس پر مشتمل اس سلسلے کا حصہ ہیں جو اسلام آباد، پشاور، لاہور، کراچی، گلگت اور مظفرآباد میں منعقد کی جا رہی ہیں۔ ان کا مقصد ملک کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل ہیلتھ حکمت عملی تیار کرنا ہے۔صحت کا شعبہ وہ میدان ہے جہاں شہری ڈیجیٹل تبدیلی کو سب سے زیادہ براہِ راست محسوس کرتے ہیں۔