ریپبلکنز کا کمیونزم مخالف بیانیہ ڈیموکریٹس پر بڑا حملہ ہوگا ‘ ہیلری کلنٹن

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کو خبردار کیا ہے کہ اسے وسط مدتی انتخابات سے قبل انتہائی بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے امیدواروں سے نمٹنے کا راستہ تلاش کرنا ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ریپبلکنز کا کمیونزم مخالف بیانیہ مؤثر حملہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ہیلری کلنٹن نے یہ بات ٹیکنالوجی صحافی کارا سوشر کے پوڈکاسٹ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس کو اس ہفتے مشی گن میں سینیٹ کی ڈیموکریٹک پرائمری میں ترقی پسند ڈاکٹر عبدالرحمن سید کی معمولی فرق سے کامیابی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ عبد الرحمن سید نے اعتدال پسند دھڑے سے تعلق رکھنے والی رکن کانگریس ہیلی اسٹیونز کو شکست دی ہے۔ کلنٹن نے کہاکہ اصل مقابلہ اس بات پر ہوگا کہ ہیلی کو ووٹ دینے والے افراد کو عبدالرحمن سید کو ووٹ دینے پر کیسے آمادہ کیا جائے اور آزاد ووٹرز کو بھی ان کے حق میں ووٹ دینے پر کیسے مطمئن کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ معاملہ صرف مشی گن تک محدود نہیں، ریپبلکنز کا بیانیہ یہ ہوگا کہ یہ امیدوار کمیونسٹ اور سوشلسٹ ہیں۔ یہ انتہائی مؤثر حملہ ثابت ہوگا۔ بائیں بازو کو اس کا جواب دینے کے لیے تیار رہنا ہوگا اور مؤثر انداز میں جواب دینا ہوگا۔ کلنٹن کا کہنا تھا میں صرف اتنا جانتی ہوں کہ صدر ٹرمپ اسی حملے کی قیادت کر رہے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *