ڈیجیٹل سندھ منصوبہ‘ وزیراعلیٰ کا 3 جدید ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈیجیٹل سندھ منصوبے کے تحت 3 جدید صوبائی ڈیٹا سینٹرز کے قیام کا حکم دیتے ہوئے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی ڈیٹا سینٹرز کے قیام کا فیصلہ این ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر میجر جنرل ریٹائرڈ علی فرحان کے ساتھ اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی ڈیٹا سینٹر سیف سٹی منصوبے میں جدید نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے حقیقی وقت میں ڈیٹا پراسیسنگ میں مدد دے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مضبوط ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر سے عوامی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جا سکے گا۔ جدید صوبائی ڈیٹا سینٹر سندھ کی ڈیجیٹل تبدیلی کی حکمت عملی کی بنیاد بنے گا۔ ڈیٹا سینٹر مصنوعی ذہانت، اسمارٹ گورننس، سیف سٹی نظام اور ڈیجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ کے منصوبوں میں معاون ہوگا۔ شہریوں کی ضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی کے لیے جدید صوبائی ڈیٹا سینٹر اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے منصوبہ بندی و ترقیاتی بورڈ، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور این ٹی سی کو مشترکہ طور پر تفصیلی روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ روڈ میپ میں تکنیکی خصوصیات، منصوبے کی تکمیل کی مدت، انتظامی طریقہ کار اور مستقبل میں توسیع کی ضروریات شامل ہوں گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *