اغوا کے بعد قتل ہونے والا نوجوان آئی بی اے کا طالب علم نکلا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کیے جانے والے 25 سالہ نوجوان میر رضا علی کے والد نے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیٹا آئی بی اے کراچی میں بی بی اے کا طالب علم تھا اور گزشتہ پانچ برس سے اپنا ذاتی کاروبار بھی چلا رہا تھا۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔واضح رہے کہ میر رضا علی 28 جولائی کو پی ای سی ایچ ایس سے لاپتا ہوگیا تھا جبکہ اس کی لاش گزشتہ روز گلستانِ جوہر میں ایک شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی تھی۔ مقتول کی بہادر آباد چورنگی پر ڈیزرٹ شاپ تھی جبکہ نارتھ ناظم آباد میں بھی اس کا کاروبار قائم تھا۔آبدیدہ والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میر رضا ان کا اکلوتا بیٹا تھا جو آئی بی اے کراچی سے بی بی اے کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ ان کے بقول، بیٹا پانچ سال سے اپنی محنت سے کاروبار کر رہا تھا اور اس نے اپنی لگن اور جدوجہد سے کامیابی حاصل کی تھی۔مقتول کے والد نے کہاکہ ان کا بیٹا انتہائی شریف، محنتی اور خوش اخلاق تھا، اس کا کسی سیاسی جماعت یا جرائم پیشہ عناصر سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے حکومت سندھ اور پولیس حکام سے اپیل کی کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے اصل ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *