جماعت اسلامی خواتین سندھ کی شوریٰ کا کشمیرکی صورتحال پر اظہار تشویش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ کی صوبائی شوریٰ کا اجلاس صوبائی دفتر کراچی میں ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظمہ صوبہ رخشندہ منیب نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی، سیاسی اور سماجی بحرانوں کی لپیٹ میں ہے۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دیا ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی، خصوصاً متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور حکومت عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور راولاکوٹ میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل ہر قسم کے تشدد، خوف اور دھونس سے پاک ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے رخشندہ منیب نے سندھ میں، خصوصاً بچوں میں ایچ آئی وی کے بڑھتے ہوئے کیسز کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال صحتِ عامہ کے نظام کی کمزوری اور متعلقہ اداروں کی غفلت کی عکاس ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طبی سہولیات، مؤثر آگاہی مہم، بروقت تشخیص اور معیاری علاج کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس سنگین مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں عوام صحت، تعلیم، صاف پانی، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سمیت متعدد مسائل سے دوچار ہیں، جبکہ حکمران عوامی مشکلات کے حل کے بجائے محض دعووں تک محدود ہیں۔ ناظمہ صوبہ نے اس موقع پر جماعت اسلامی کی عوامی خدمت اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے جاری جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہر سطح پر عوام کے حقوق کے تحفظ، شفاف طرزِ حکمرانی اور فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے بنو قابل پروجیکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ملک بھر کے مختلف اضلاع میں نوجوانوں کو جدید مہارتیں، پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کر رہا ہے تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر باعزت روزگار حاصل کریں اور ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، تنظیمی منصوبہ بندی اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ ششماہی کارکردگی سمیت ملکی و صوبائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ عوامی مسائل کے حل، معاشرتی اصلاح اور اسلامی و فلاحی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔