ای او بی آئی کے ڈاکٹر سید اظفر محمود طارق انتقال کرگئے
کراچی( پ ر)ای او بی آئی کے ڈاکٹر سید اظفر محمود طارق، حرکت قلب ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں ادا کی گئی اور تدفین سخی حسن قبرستان میں عمل میں آئی جس میں ای او بی آئی کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈاکٹر سید اظفر محمودکی وفات کی خبر سن کر ای او بی آئی کے ملازمین اشکبار ہوگئے۔ ڈاکٹر سید اظفر محمود ایک بیحد ہمدرد اور مثالی معالج تھے اور گزشتہ دو دہائیوں سے زاید عرصہ سے ای او بی آئی میں سینئر میڈیکل افسر (SMO) کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، آپ ادارہ کے سینئر میڈیکل افسر کی حیثیت سے ای او بی آئی کے کراچی تا گلگت کے دفاتر میں تعینات تمام افسران، اسٹاف ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو امراض کی تشخیص، طبی مشورے،ادویات، پینل اسپتالوں میں علاج و معالجہ کی بہتر فراہمی اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کے اسپتال میں داخلہ اور انہیں معیاری علاج و معالجہ کے لیے ہر دم کوشاں رہتے تھے، دریں اثناء ای او بی آئی ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان نے ڈاکٹر سید اظفر محمود کی ناگہانی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ کے ملازمین ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔