بارہویں جماعت پری میڈیکل ، آرٹس اور ہوم اکنامکس کے نتائج کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی (بی آئی ای کے) نے انٹرمیڈیٹ سال دوم (بارہویں جماعت) کے پری میڈیکل، آرٹس پرائیویٹ، ہوم اکنامکس اور خصوصی امیدواروں (اسپیشل کینڈی ڈیٹس) کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین انٹربورڈ کے مطابق نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ اور اینڈرائیڈ موبائل ایپ پر بھی اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔ پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 23 ہزار 7 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 14 ہزار 134 طالب علم کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا مجموعی تناسب 61.43 فیصد رہا۔ پری میڈیکل میں پہلی اور دوسری پوزیشنز سرکاری تعلیمی ادارے کی طالبات نے حاصل کیں۔ بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی حفصہ خان نے 1011 نمبرز حاصل کر کے پہلی پوزیشن، جبکہ اسی کالج کی ہدیٰ سرور نے 1007 نمبرز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ آمنہ عزیز 1004 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن پر رہیں۔ اس موقع پر چیئرمین انٹربورڈ نے کہا کہ پری میڈیکل کی ابتدائی پوزیشنیں سرکاری کالج کی طالبات کے نام رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا اعتماد سرکاری تعلیمی اداروں پر بحال ہو رہا ہے۔ آرٹس پرائیویٹ گروپ میں کامیابی کا تناسب 50.04 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اس گروپ میں رافعہ شعیب جالی والا نے 925 نمبرز لے کر پہلی، جبکہ الماس فاطمہ اور خانسا رضا نے 902 نمبرز کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ہوم اکنامکس گروپ کا نتیجہ 52.47 فیصد رہا، جس میں ازکی عمران نے 973 نمبرز لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ علاوہ ازیں، خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر) کا نتیجہ شاندار 95.87 فیصد رہا، جس میں سید حماد علی نے 1004 نمبرز کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔