بلوچستان حکومت کا کانکنوں کے لواحقین کیلیے فی کس 5 لاکھ روپے کا اعلان

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)حکومت بلوچستان نے سورینج کوئلہ کان حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔معاون وزیراعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جاں بحق کان کنوں کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقوں تک باعزت طریقے سے منتقل کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔شاہد رند کے مطابق محکمہ مائنز اینڈ منرلز، پی ڈی ایم اے، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطے کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس افسوسناک سانحے پر متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شاہد رند نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہ کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔معاون وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں مکمل مستعدی اور مربوط حکمت عملی کے تحت جاری ہیں، جبکہ حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *