وزیراعلیٰ کا مون سون کے دوران تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کے روز صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری شدید مون سون بارشوں، جانی نقصانات، مقامی سطح پر سیلابی صورتحال اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے پیشِ نظر تمام ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور تمام ضروری احتیاطی و ہنگامی اقدامات فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔پی ڈی ایم اے کے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے حالیہ موسمی پیش گوئی، بارشوں کے اعداد و شمار، فیلڈ رپورٹس اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جاری مون سون کے دوران انسانی جانوں کا تحفظ اور عوام کو بلا تعطل بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے بحالی گیان چند اسرانی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکریٹری بحالی مصطفیٰ شیخ، سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد ڈویڑن کے کمشنرز، بارش سے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور حیسکو کے چیف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہنگامی صورتحال کے دوران ضلع سے غیر حاضر رہنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹاؤن میونسپل آفیسر (ٹی ایم او) عمرکوٹ کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ مون سون ایمرجنسی کے دوران تمام افسران اپنی متعلقہ تعیناتیوں پر موجود رہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *